گیس قیمت اضافے پر شہباز شریف برہم، تین ماہ میں ناقص کارکردگی کی رپورٹ طلب

اسلام آباد(انتخاب نیوز)گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کیا، وزیر اعظم کی جانب سے متعلقہ اداروں کیلئے اہداف بھی مقرر کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزارت توانائی کو تین ماہ کے دوران مختلف ٹاسک مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، وزیر اعظم کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ایک ماہ میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا فرانزک آڈٹ کی رپورٹ اور 3 ماہ میں گیس انفراسٹرکچر، گیس چوری اور ناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جائے، اس کے علاوہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مانیٹرنگ کے لیے فوری طور پر بین الوزارتی کمیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ایک ماہ میں سرپلس بجلی کو کھپانے کے لیے نئے انڈسٹریل زون تیار کرنے کا پلان پیش کیا جائے اور 2 ہفتوں میں گیس انفراسٹریکچر، گیس چوری اور ناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جائے۔بعدازاں 2 ہفتوں میں پاور اور پیٹرولیم ڈویڑن کو گردشی قرضے کا حل تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی جبکہ سولر پینل کے استعمال اور نیٹ میٹرنگ سے متعلقہ معاملات حل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سوئی ناردرن کمپنی نے 4489 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تجویز کی تھی، گیس کی قیمت بڑھنے سے بلوں میں اوسطاً 155 فیصد مزید اضافہ ہوگا جبکہ اس سے قبل ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں