چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت ضمنی اور ری پولنگ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

کوئٹہ (یواین اے) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے کے مختلف اضلاع میں ضمنی اور دوبارہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعرات کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کچھ حلقوں پر دوبارہ اور ضمنی انتخابات کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمیشنر محمد فرید، آفریدی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ذاہد سلیم، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور احمد پرکانی جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز و دیگر متعلقہ حکام نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوہلو میں 4 حلقوں اور قلعہ عبداللہ پی بی۔ 50 پر مکمل جبکہ خضدار پی بی۔ 20 اور لسبیلہ پی بی۔ 22 میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ خضدار میں 100 پولنگ اسٹیشنز، لسبیلہ 129، قلعہ عبداللہ 125اور کوہلو میں 4 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات ہوں گے اور انتخابات 21 اور 24 اپریل کو ہوں گے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت مذکورہ اضلاع میں شفاف اور پرامن الیکشن منعقد کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے انہوں نے ان اضلاع میں عملے کی تعیناتی، پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتخابات کیلئے تمام انتظامات بر وقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور امیدوار اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پرامن اور صاف وشفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنز پر تمام تر سہولیات( پانی، واش رومز، بجلی)کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر بتایا کہ انتخابات کی پر امن انعقاد کے لیے پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، لیویز کی اضافی نفری اور ایف سی تعینات ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں