پاکستان اور ایران کا مسلح تنظیموں پر پابندی عائد کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان اور ایران نے مسلح تنظیموں پر پابندی عائد کرنے اور جیلوں میں موجود قیدیوں کے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی کی ملاقات ہوئی جس میں سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، اسمگلنگ، بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، پاکستانی قوم ایرانی صدر اور انکے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔ اہم ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے مسلح تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ اتفاق کیا گیا کہ تخریب کاری دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے تخریب کاری کے خاتمے کیلئے باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو کی اور دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے جبکہ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ اقدامات سے زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت دی اور بتایا کہ اس موقع پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے دورہ ایران پر ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں دونوں ممالک میں موجود قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے اور ا±ن کی جلد وطن واپسی پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں