شدید گرمی میں بجلی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی، بی این پی
کوئٹہ (پ ر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی رہنما اور بی این پی کے ضلعی رہنما کاشف حیدری نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی، بلز بھی آسمان سے باتیں کررہی ہے، رات کو ہر 5 منٹ بعد بجلی کی بندش اور آنکھ مچولی معمول بن گیا ہے، جوکہ عوام کیساتھ مذاق کے مترادف ہے، شدید گرمی میں عوام کو سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے متعلق شکایت کی بھرمار ہے، مگر متعلقہ حکام کے کانوں پر جو تک نہیں رینگ رہی، کیسکو حکام کا غیر ذمہ دارنہ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹاﺅن اور گردونواح میں کچھ دنوں سے بجلی کی بندش کا مسئلہ انتہائی گمبھیر شکل اختیار کرچکا ہے، روزانہ 10 سے 12 گھنٹے طویل بجلی کی بندش کے بعد جب بجلی ہوتی بھی ہے تو بجلی کا وولٹیج 100 اور 120 سے اوپر نہیں ہوتا، جس سے پنکھے و دیگر برقی آلات تو دور کی بات بلب بمشکل روشن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بجلی کی لومیٹر لوڈشیڈنگ اوپر سے کم وولٹیج عوام کیساتھ مذاق کے مترداف ہے جوکہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ، عوام پہلے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اوپر سے بجلی کے بھاری بھرکم بلز اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاجر برادری سمیت عوام دوہری ادیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو صارفین سمیت دکاندار اور تاجر برادری بھی شدید متاثر ہورہے ہیں، جبکہ تاجر برادری سمیت عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو ٹیکسز سمیت بلوں کی وصولی کررہی ہے مگر سہولیات کا نام و نشان بھی نہیں جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے، بصورت دیگر تاجر برادری اور عوام کیسکو کی من مانیوں کیخلاف سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری کیسکو حکام پر عائد ہوگی۔


