کچھ عناصر پاکستان اور بلوچستان کو کیک کی طرح کاٹنا چاہتے ہیں ،سرفراز بگٹی
اسلام آباد / کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے اور تشدد کے ذریعے ملک توڑنے کی مذموم کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، بلوچستان کا پاکستان سے الحاق ایک مسلمہ تاریخی حقیقت ہے اور اس خطے کے بارے میں دنیا میں پھیلایا جانے والا گمراہ کن بیانیہ اصل حقائق کو مسخ کرتا ہےان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ تین چار دہائیوں سے اسلام آباد میں بلوچستان کے بارے میں جو تاثر دیا گیا وہ حقیقت کے برعکس ہے انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسند دہشت گردوں کو بدستور پڑوسی ملک کی حمایت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک علیحدگی کی تحریکوں کی اجازت نہیں دیتا بلوچستان میں دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات نے ریاست کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے وزیر اعلی نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم لاپتہ افراد پر سیاست کرنے والے صرف بلوچستان کی پسماندگی کو بڑھاوا دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 21 جون 2001 کو فراری کیمپس قائم ہوئے، 2008 کے انتخابات بلوچستان کی تاریخ کے پرامن ترین انتخابات تھے اور 2016 تک صوبے میں امن قائم رہا، تاہم 2018 میں رہا ہونے والے عناصر دوبارہ دہشت گرد تنظیموں سے جا ملے انہوں نے اگست 2016 میں کوئٹہ میں وکلا کی شہادت کو بلوچستان کے لیے ایک بڑا قومی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ اس وقت وہ وزیر داخلہ تھے اور اس واقعے کے بعد ایک حساس ادارے نے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جس نے اہم انکشافات کئے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کو توڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن پاکستان کبھی نہیں ٹوٹے گا، یہ عوام کا وطن ہے کچھ عناصر بلوچستان کو کیک کی طرح تقسیم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں مگر ان کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ لاہور اور کوئٹہ کا کوئی موازنہ نہیں اور نہ ہی پنجاب اور بلوچستان کی ترقی میں کوئی تنازع موجود ہے انہوں نے کہا کہ یہ خطہ ماضی میں برٹش بلوچستان کہلاتا تھا اور بعد ازاں پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، جو ایک ناقابلِ تردید تاریخی حقیقت ہے موجودہ صوبائی حکومت تعلیم و صحت سمیت گڈ گورننس کے قیام کے لئے کوشاں ہے اور حکومت کے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔


