نور خان بگٹی اور ساتھیوں کی قومی دھارے میں واپسی بلوچستان میں امن کے لیے مثبت پیش رفت ہے، بابر یوسفزئی

کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، ڈیرہ بگٹی میں فراری کمانڈر نور خان بگٹی اور ان کے ساتھیوں کی قومی دھارے میں واپسی بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ فراری کمانڈر نور خان بگٹی کی اپنے ساتھیوں اور خاندان سمیت واپسی صوبے میں امن و استحکام کے لیے نیک شگون ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ اس پیش رفت سے علاقے میں اعتماد کی فضا بہتر بنانے اور امن کی کوششوں کو تقویت ملنے کی امید ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق نہیں بلکہ امن، ترقی، تعلیم اور خوشحالی سے وابستہ ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی صوبے میں امن کے قیام اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ صوبائی حکومت کی امن دوست پالیسیوں کا بنیادی مقصد عوام کو محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست سے وابستگی اور آئین و قانون کی پاسداری ہی بلوچستان میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ فراری عناصر کی قومی دھارے میں واپسی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ امن، مفاہمت اور ترقی کا راستہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن کے لیے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی، مذاکرات اور عوامی اعتماد کا فروغ ناگزیر ہے۔ صوبے کے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو پ±رامن مستقبل فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔بابر یوسفزئی نے امید ظاہر کی کہ نور خان بگٹی اور ان کے ساتھیوں کی واپسی علاقے میں امن و ترقی کے نئے راستے کھولنے اور بلوچستان کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں