کورونا کی دوسری لہر، قریشی کی اپوزیشن سے جلسے موخر کرنے کی درخواست

ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر اپوزیشن سے جلسے موخر کرنے کی درخواست کردی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کورونا ایک حقیقت ہے جسے دنیا تسلیم کررہی ہے، اپوزیشن چاہے تسلیم کرے یا نہ کرے، دنیا تسلیم کررہی ہے، ہم جلسوں میں نہ رکاوٹ بننا چاہتے ہیں نہ گھبرا رہے ہیں، اپوزیشن سے درخواست ہے کہ کچھ عرصے کے لیے جلسے موخر کردیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورت حال بہتر ہو تو جلسے کرنے کا شوق پورا کرلیں، اگر اپوزیشن بضد رہتی ہے تو معاشی، جانی نقصان کا ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے لیکن اگر اپوزیشن بضد ہے تو ہم رکاوٹ نہیں بننا چاہیں گے، ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے یہ سیاسی شہید بننے کی کوشش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں