تیسری افغان کانفرنس میں شریک افغان وفد کی پاکستانی وفد سے ملاقات

دوحہ (صباح نیوز) اقوام متحدہ کے زیراہتمام تیسری افغان کانفرنس میں شریک افغان وفد کی پاکستانی وفد سے ملاقات ہوئی، افغان وفد کی بھارتی وفد سے پہلے ہی دن ملاقات ہوگئی تھی۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے درمیان ایک بار پھر باضابطہ رابطہ ہوا ہے ،تیسری افغان کانفرنس میں شریک افغان وفد کی پاکستانی وفد سے ملاقات ہوئی،پاک افغان وفود کی ملاقات قطر میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد اعجاز کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں پاکستانی وفد کے سربراہ آصف درانی، کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن ایمبیسیڈر عبیدالرحمان نظامانی اور افغان طالبان حکومت کے ترجمان زبیح اللہ مجاہد موجود تھے۔اس موقع پر پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد اعجاز نے افغان وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہت کچھ مشترک ہے، امن کی خواہش دونوں اطراف موجود ہے۔ دوحہ میں پاک افغان وفود کی ملاقات مثبت رہی، افغان وفد نے کانفرنس میں افغان موقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جبکہ افغان وفد نے پاکستانی حمایت کو عوامی سطح پر سراہا۔پاکستانی وفد کے سربراہ آصف درانی نے کہا کہ افغان وفد کے ساتھ ملاقات میں دوحہ کانفرنس کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں