مولانا ہدایت الرحمان کا جیڈا ہیڈ آفس کا دورہ، افسران کی غیر حاضری پر برہمی

گوادر (انتخاب نیوز) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے آج اچانک گوادر انڈسٹریل اسٹیٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GIEDA) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور افسران کی غیر موجودگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے ہمراہ حق دو تحریک کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں صرف دو افسران کی موجودگی اور باقی کی غیر حاضری ادارے کی کارکردگی کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ملازمین ڈیوٹی پر موجود ہیں لیکن دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین اپنی ذمہ داریوں میں سستی دکھا رہے ہیں۔ مولانا نے اس مسئلے کو صوبائی اسمبلی میں اٹھانے کا بھی اعلان کیا تاکہ گوادر کے تمام ادارے فعال انداز میں کام کریں۔ دورے کے دوران مولانا صاحب نے ملازمین سے ان کے مسائل بھی دریافت کیے جن میں نئے سروس رولز کا کافی عرصے سے اپڈیٹ نہ کرانا اور مقامی ملازمین کی نظراندازی جیسے مسائل شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقامی افسر یا ملازم کی حق تلفی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کے لئے ہر ممکن فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ GIEDA کے سائیٹ آفس کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ مولانا کے اس دورے نے GIEDA کے افسران اور ملازمین کے درمیان ایک نئی بحث کا آغاز کیا ہے اور مقامی افراد کے حقوق کے حوالے سے ایک نئی امید پیدا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں