عمران خان کی وڈیو لنک پر عدم پیشی، 3 مقدمات پر فیصلہ محفوظ

لاہور ( این این آئی) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 9مئی جلاﺅ گھیراﺅ کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ 9جولائی کو سنایا جائے گا ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے مئی کو جناح ہاﺅس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی ۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے، سرکاری وکیل نے عمران خان کی جناح ہاﺅس اور دیگر دونوں مقدمات میں گرفتاری مانگ لی، سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ عمران خان سے تفتیش کے لیے ان کی گرفتاری درکار ہے۔بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باوجود ضمانتیں کنفرم ہو سکتی ہیں، عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ان کی وجہ سے کافی کیس لا سامنے آئے ہیں۔جج انسداد عدالت خالد ارشد نے سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ پھر تو آپ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔جج نے عدالتی عملے کو ہدایت دی کہ ویڈیو لنک پر پیشی کے لیے اڈیالہ جیل میں رابطہ کریں، عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل انتظامیہ سے رابطہ نہیں ہو رہا۔جج انسداد دہشتگردی عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری وکیل بیان دے دیں کہ درخواست گزار جیل میں موجود ہیں ہم آگے کیس سن لیتے ہیں۔عدالت کی ہدایت پر بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کا فون نمبر عدالتی عملے کو نوٹ کروا دیا، عدالت نے حکم دیا کہ عدالتی عملہ جیل انتظامیہ سے رابطہ کر کے بتائے کہ درخواست گزار جیل میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں