بلوچستان میں پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل کیلئے معیار تعلیم پر کام کیا جائے، ڈاکٹر مالک بلوچ

تربت( آئی این پی ) رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ کامیابی صرف اساتذہ کی تربیت سے ہی ممکن ہے اور استاد ہی ہمیں دنیا میں رہنے کے ادب آداب سے روشناس کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف سماجی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور یہی ہمارے معاشرے کی پہچان اور خوبصورتی ہے استاد سماجی رویوں کی تشکیل کے حوالے سے ہمیشہ سرگرم عمل رہتا ہے اور اسی لیے ہم ہر سال استاد کی عظمت کو سلام پیش کرنے کے لیے 5اکتوبر کو جمع ہوتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ضلع کیچ کے زیر اہتمام ٹیچرز ڈے کے مناسب سے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سیکنڈری اسکول تربت کے ہال میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت ماہا اقبال نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض جی ٹی اے مکران ڈویژن کے صدر محمد اقبال بلوچ نے انجام دیے تقریب میں ڈائریکٹر اسکولز مکران ڈویژن غفور دشتی جی ٹی اے کے صدر اکبر علی اکبر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور ٹیچر کی عظمت پر روشنی ڈالی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جی ٹی اے بلوچستان ضلع کیچ کے ساتھیوں نے ٹیچرز ڈے کے انعقاد پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ تعلیم کی بہتری کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی انہوں نے اپنے ایم پی اے بجٹ میں اسکولوں کے لیے خطیر رقم مختص کی ہے، جس پر جلد عمل درآمد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے مطابق اب وقت کا تقاضا ہے کہ معیار تعلیم پر کام کیا جائے تاکہ ہم ایک پڑھے لکھے معاشرہ تشکیل دیں سکے تقریب میں ضلعی صدر اکبر علی اکبر نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ٹیچرز ڈے شایانِ شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز کی بہتر کارکردگی کو اجاگر کرکے یہ باور کرایا جاتا ہے کہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتاہے تقریب کے آخر میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، غفور دشتی، حاجی امداد ملک، حاجی مراد بخش، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار عابد، عبدالمجید بزنجو، جی ٹی اے کیچ کے چیئرمین مولا بخش بلوچ، میڈم مہوش اور دیگر ہیڈماسٹرز، ہیڈمسٹریسز اور اساتذہ کرام میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں