گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے میں گورنر راج لگانے کا عندیہ دے دیا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گورنر راج لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملات حد سے بڑھ گئے توگورنرراج لگانے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے نجی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں ان کے دورہ امریکا کے علاوہ صوبے کے معاملات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج اور صوبے کی صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیزیں حد سے بڑھ گئیں تو ملک اور جمہوریت کی خاطر گورنر رول نافذ کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جو چیز آئین میں موجود ہو (گورنر رول) اس کا آپشن ضرور موجود ہوتا ہے، گورنر رول ماضی میں لگائے گئے ہیں، جب مرض لاعلاج ہوجاتا ہے تو نہ چاہتے ہوئے بھی فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں