زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی، وفاقی ٹیم دو روز میں بلوچستان آئے گی

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اجلاس میں بلوچستان کے ذرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ دو روز کے دوران وفاقی وزارت توانائی کی ٹیم بلوچستان کا دورہ کرے گی اور اس سلسلے میں حکومت بلوچستان کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا جس کے تحت ذرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی پر منتقلی کے لیے 70 فیصد اخراجات وفاقی حکومت اور 30 فیصد صوبائی حکومت برداشت کرے گی وزیراعلیٰ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے میں جس جس جگہ پر ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے وہاں کیسکو کی فیڈر سے بجلی کی سپلائی منقطع ہو اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی بلوچستان سے باقاعدہ قانون سازی کرنے کے لیے ایکٹ بھی پاس کریگی انہوں نے کہا کہ توانائی کے فقدان کے باعث ذرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی ناگزیر ہے اس عمل سے سبسڈی کی مد میں خرچ ہونے والے اربوں روپے کی بچت ہوگی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان سے درخواست کی کہ جب تک اس اہم منصوبے پر عمل درامد ہوتا ہے زمین داروں کو چھ گھنٹے کے بجلی کے فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں