پروموشن کیلئے تعلیمی شرط، مختلف محکموں میں ملازمین جعلی اسناد جمع کرانے لگے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی محکموں میں پروموشن کیلئے تعلیمی شرط عائد ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر ملازمین کی جانب سے جعلی اسناد بنا کر متعلقہ محکموں میں جمع کرائی جانے لگی، ملازمین تنظیمیں بھی صورتحال پر خاموش۔ ذرائع نے بتایا کہ چند برس قبل صوبائی محکموں میں کلریکل اسٹاف اور دیگر عہدوں پر ترقیوں کیلئے تعلیمی شرط عائد کردی گئی تھی گریڈ 11 تا 14 کیلئے انٹرمیڈیٹ اور گریڈ 16 اور اوپر کیلئے گریجویشن کی شرط مقرر کی گئی تھی جبکہ 55 سال کی عمر کے ملازمین کو تعلیمی شرط سے مستثنی قرار دیدیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملازمین اپنے طور پر تعلیمی اسناد کی تصدیق کروا کر اپنے محکموں میں جمع کروا دیتے ہیں جبکہ کئی ملازمین جعلسازی کے ذریعے تعلیمی اسناد اسکین کرانے کے بعد نام کا رد و بدل کردیتے ہیں اور پھر جعلی مہریں تیار کروا کر تصدیق کرلیتے ہیں، اسی بنیاد پر ترقیاں حاصل کرلیتے ہیں، جس سے حق دار اور پڑھے لکھے ملازمین کی حق تلفی ہورہی ہے، اس صورتحال پر ملازمین تنظیمیں خاموش ہیں۔ بعض ملازمین نے نام ظاہر نہ کرنیکی شرط پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ تمام صوبائی محکموں میں ملازمین کی اسناد کی تصدیق تھرو پراپر طریقے سے کرائی جائے اس کے علاوہ پروموشن کیلئے ملازمین کی بجائے محکمانہ طور پر بورڈ اور یونیورسٹیز سے اسناد کی تصدیق کرائی جائے تا کہ جعلسازی کا تدارک کیا جا سکے اور جعلسازی میں ملوث ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں