سوشل میڈیا پر حکومتی افسران اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا الزام، مقبول جعفر اور ڈاکٹر ثنا کو گرفتار کرلیا، این سی سی آئی
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی) نے سوشل میڈیاپر حکومتی افسران،عام شہریوں اور ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ پروپیگنڈے کے الزام پردو افراد کو گرفتار کرلیا، ترجمان این سی سی آئی کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقبول جعفر اور ڈاکٹر ثنا شامل ہیں، جن پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے سینئر حکومتی افسران، عام شہریوں اور ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور منظم پروپیگنڈہ کرنے کا الزام ہے۔ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف یہ کارروائی غیر قانونی مواد کو ہٹانے اور مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کی گئی انکوائری کے بعد عمل میں لائی گئی۔ ملزمان مبینہ طور پر اعلی سرکاری حکام کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے میں ملوث پائے گئے۔ این سی سی آئی کے مطابق ملزمان کو اس سے قبل قانونی نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور اصلاح کے لیے کافی موقع بھی فراہم کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے اپنی غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ ایجنسی نے ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔
مقبول جعفر پر مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات 20 اور 26 کے تحت درج کیا گیا ہے
دوسری جانب مقبول جعفر کی گرفتاری پر صحافتی اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے، ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ رات جناح روڈ پر واقع کبیر بلڈنگ سے حراست میں لیا گیا تھا۔


