پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کے باعث عام آدمی کی زندگی ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہےگزشتہ ایک سے دو ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ مہنگائی کی اس لہر نے غریب اور متوسط طبقے کو شدید متاثر کیا ہے۔ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا عام شہری کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ٹرانسپورٹ خوراک اور دیگر اشیائ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے جس سے عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنی ناقص کارکردگی غلط پالیسیوں اور بدعنوانی کی وجہ سے ملک کو معاشی بحران میں دھکیل چکے ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف کے احکامات کے سامنے گھٹنے ٹیک کر عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس لگانا اور قیمتوں میں اضافہ کرنا عوام دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔ حکمران طبقہ عوام کے مسائل سے بے پرواہ ہو کر آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے میں مصروف ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظر ثانی کی جائے اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ کم سے کم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں