کانک میں پولیس چوکی پر حملہ، امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی عزم کو ایسے حملوں سے کمزور نہیں کیا جاسکتا، شاہد رند
کوئٹہ(این این آئی) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاڑ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے، امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی عزم کو ایسے حملوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ایک بیان میں شاہد رند نے فائرنگ کے واقعے میں پولیس سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کیا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔شاہد رند نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں صوبے میں امن کے قیام کے عزم کا ثبوت ہیں، شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


