مغربی بلوچستان سمیت ایران کے کئی شہروں پر امریکی حملے، اہلکاروں سمیت 37 افراد ہلاک، متعدد زخمی، حکومتی ترجمان

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی حکام کے مطابق امریکی حملوں میں سات فوجی اہلکاروں سمیت 37 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایرانی فوج کے مطابق مغربی بلوچستان کے شہر ایرانشہر کے قریب بمپور فوجی اڈے پر تازہ امریکی فضائی حملوں میں کم از کم سات اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق فوج نے کہا کہ ان امریکی حملوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا، جس کے دوران ایک گیسٹ ہاﺅس سمیت گارڈ پوسٹوں اور رہائشی عمارتوں پر تیرہ میزائل داغے گئے۔ دوسری جانب ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ایران پر امریکی حملوں میں کم از کم 30 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمان پور کے مطابق ایک ہفتے سے جاری تازہ حملوں میں 260 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 222 کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق منگل کی رات گئے امریکی حملوں میں جنوب مغربی صوبہ خوزستان کے شہر ہویزہ میں گندم کی ایک ذخیرہ گاہ (سائیلو) کو بھی نشانہ بنایا گیا، تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں