ہرنائی سے بے گناہ نوجوان کا اغوا کے بعد قتل انسانیت سوز اور قابل مذمت فعل ہے، مجرمان کو کٹہرے میں لایا جائے، صوبائی وزیر خوراک

کوئٹہ (ویب ڈیسک) گزشتہ شب شاہرگ سب تحصیل کھوسٹ سے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیے گئے عمران بابڑ کو گولی مار کر جاں بحق کردیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ نے ہرنائی کے علاقے کھوسٹ سے چند دن قبل اغواءہونے والے نوجوان عمران بابڑ کو بے دردی سے شہید کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ "بے گناہ نوجوان کو اغواءکے بعد قتل کرنا انسانیت سوز اور قابل مذمت فعل ہے۔ ایسے درندہ صفت عناصر نہ صرف بلوچستان کی روایات کے منافی ہیں بلکہ یہ صوبے کے امن کے بھی دشمن ہیں۔” حاجی نورمحمد خان دمڑ نے شہید عمران بابڑ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔”انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ "واقعے میں ملوث ملزمان کو فوراً گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔ حکومت بلوچستان بے گناہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔” صوبائی وزیر نے کہا کہ "حکومت دہشت گردی اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں