ہنہ اوڑک میں آبادی پر مسلح جتھوں کے مارٹر گولوں سے حملے، قانون نافذ کرنیوالے ادارے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئے، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان میں ضلع ہنہ اوڑک کے علاقوں شاہ نور کچھ، کلی ملک شیر اور کلی راغہ میں ایک بار پھر مسلح جتھوں اور دہشت گرد عناصر کی جانب سے بڑی تعداد میں مارٹر گولے داغنے، علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے، شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نہتے شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو خوفزدہ کرنا، رہائشی آبادیوں پر حملے کرنا اور عوام کے جان و مال کو خطرات سے دوچار کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسے دہشت گردانہ اقدامات نہ صرف علاقے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عوام میں عدم تحفظ، خوف اور بے چینی کی فضا کو بھی جنم دیتے ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ مذکورہ علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں، لیکن متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ریاست کی اولین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مو¿ثر اور عملی کارروائی کرنا ہے، مگر آئے روز رونما ہونے والے ایسے واقعات حکومتی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ صوبہ، بالخصوص پشتون علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، دہشت گردی اور مسلح کارروائیوں میں اضافے نے عوام کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور اپنے گھروں اور املاک کے بارے میں شدید خدشات میں مبتلا ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں پر لازم ہے کہ وہ عوام کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کریں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان دہشت گردانہ واقعات کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، حملوں میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں مستقل بنیادوں پر موثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب کیا جاسکے۔ بیان میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور امن، قانون کی بالادستی، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں