نوشکی کرفیو میں مزید 4 روز کی توسیع کردی گئی، دفعہ 144 بھی نافذ ہوگی، محکمہ داخلہ بلوچستان

نوشکی (صباح نیوز) حکومت بلوچستان نے ضلع نوشکی میں جاری کرفیو کی مدت میں مزید چار روز کی توسیع کردی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع نوشکی میں کرفیو روزانہ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا، جبکہ اس دوران تمام قسم کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع نوشکی میں مذکورہ مدت کے دوران ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 بھی نافذ رہے گی، جس کے تحت عوامی اجتماعات، جلوسوں اور چار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔ کرفیو سے ریسکیو 1122، ایمبولینس، فائر بریگیڈ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکورٹی فورسز، طبی عملے، اسپتالوں، بجلی، گیس اور پانی کی ضروری خدمات کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ کرفیو پاس رکھنے والے افراد بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ حکام کو کرفیو کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں