محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام آبادی، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے موضوع پر مکالمہ

کوئٹہ‘ محکمہ بہبود آبادی حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام ”محکمانہ حدود سے آگے: آبادی، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی پر بین المحکمانہ مکالمہ“ کے عنوان سے ایک روزہ مکالمے کا انعقاد عثمانیہ ہوٹل پشین اسٹاپ کوئٹہ میں کیا گیا۔ مکالمے میں محکمہ ترقی نسواں، محکمہ محنت و افرادی قوت، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ صحت اور محکمہ بلدیات کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔ مکالمے کا مقصد آبادی سے متعلق مسائل پر مشترکہ فہم کو فروغ دینا، بین المحکمانہ روابط مضبوط بنانا اور صوبے میں جامع و پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا تھا۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈائریکٹر پی ایم سی ٹی محکمہ بہبود آبادی محمد ایوب کاکڑ نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔مہمان مقرر عطاءالرحمٰن خلجی نے ”آبادی کی حرکیات: ایک پیچیدہ مسئلہ“ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے آبادی سے متعلق مختلف پہلوو¿ں اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر حبیبہ جمعہ نے ”آبادی کی حرکیات اور شعبہ جاتی ترقیاتی منصوبہ بندی“ کے موضوع پر لیکچر دیا اور آبادی سے متعلق ترجیحات کو محکمانہ پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شازیہ امجد نے ”صنفی ضروریات سے ہم آہنگ ترقی، تولیدی صحت اور آبادیاتی فوائد“ کے موضوع پر لیکچر دیا، جس میں صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے اور جامع ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں جہاں آرا تبسم نے بطور مہمان مقرر خصوصی خطاب کرتے ہوئے صنفی مساوات، خواتین کی ترقی اور بین المحکمانہ تعاون کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔مقررین کے لیکچرز اور خصوصی خطابات کو شرکاء نے بھرپور پذیرائی دی۔ سوال و جواب اور اجتماعی مباحثے کے دوران شرکاء نے اپنے محکمانہ تجربات اور آراءکا تبادلہ کیا اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔مکالمے کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبود آبادی بلوچستان غلام مصطفیٰ ہانبھی نے اختتامی کلمات ادا کیے۔مکالمے میں آبادی سے متعلق مسائل پر مشترکہ فہم، بین المحکمانہ تعاون اور ترقیاتی پالیسیوں میں آبادی و صنفی مساوات سے متعلق ترجیحات کو شامل کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ یہ اقدام بلوچستان میں مربوط منصوبہ بندی، جامع ترقی اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے