بلوچستان بھر میں احتجاجی دھرنے، طاقت کے ذریعے جمعیت کو زیر کرنے والے خوش فہمی میں مبتلا ہیں، مولانا واسع
کوئٹہ(این این آئی )جمعیت علماء اسلام کی مرکزی و صوبائی اپیل پر بلوچستان کے تمام اضلاع میں کارکنوں نے پرامن احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے کر اہم بین الصوبائی، بین الاضلاعی اور بین الاقوامی شاہراہیں اور داخلی و خارجی راستے بند رکھے، جن میں کوئٹہ کراچی، کوئٹہ سبی، کوئٹہ چمن، کوئٹہ ڑوب، کوئٹہ تفتان، کوئٹہ گوادر اور دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں۔ صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے بلیلی کسٹم کے مقام پر احتجاجی دھرنے میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کو طاقت کے ذریعے زیر کرنے یا سیاسی طور پر مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خوش فہمی کی جنت میں رہتے ہیں، ہم نے پرامن احتجاج کے ذریعے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ ہماری زبان بندی آخر کس جرم میں کی جارہی ہے، ہم تو آئین کی پاسداری اور جمہوری حقوق کی بات کررہے ہیں، آج وکلاء، صحافیوں، آل پارٹیز، سیاسی جماعتوں اور مختلف اقوام کی ہمدردیاں جمعیت علماء اسلام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معدنی وسائل کو لوٹا جارہا ہے جبکہ عوام معاشی بدحالی، بے روزگاری، مہنگائی اور تنگ دستی کا شکار ہیں۔ صوبائی امیر نے ایک معمولی جماعتی اپیل پر پورے بلوچستان میں کارکنوں کی بھرپور شرکت اور جذبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام کی آواز دبانے کی کوششیں کیوں کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر مرکزی و صوبائی قائدین سمیت ضلعی رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔


