بطور وزیراعلی بلوچستان میں تعلیمی بجٹ 4 فیصد سے بڑھا کر 26فیصد کیا، تین میڈیکل کالجز اور چھ یونیورسٹیاں قائم کیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
کوئٹہ ( آئی این پی ) اعلیٰ تعلیم قوم کی ضرورت ہے جس کے پاس جتنا زیادہ علم ہوگا وہ اتنا ہی باعزت مقام حاصل کرے گا۔آج ہمیں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے کوالٹی و ٹیکنیکل تعلیم استفادہ کرنا ہوگا۔۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جو کسی قوم کی سیاسی معاشی و سماجی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی بلوچستان کوئٹہ کے زیر اہتمام دوسری عالمی کانفرس ایمرجنگ ٹرینڈ ان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(آئی سی ای ٹی ایس ٹی)2026کے اختتامی سیشن کے دن بطور مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر،سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ جس مشکل دور سے ہم گزر رہے ہیں اس سے ہماری بچیاں اپنی ذہانت، صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کے ذریعے قوم کو نکالنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ھیں۔ انہوں نے کہ آج کانفرنس میں سائنس کے شعبے میں بہترین اور قابل تحسین آئیڈیاز پیش کئے گئے۔ ہماری بچیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں لیکن مناسب پالیسیوں اور فنڈنگ کی عدم موجودگی کے باعث ان کو مشکلات درپیش ھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان تعلیم کے میدان میں پہلے سے بہتر پوزیشن میں ہے۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو میں تمام وسائل تعلیم پر خرچ کرتا۔ بطور وزیراعلی بلوچستان تعلیمی بجٹ 4فیصد سے 26فیصد اضافہ کیا اور تین میڈیکل کالجز اور چھ یونیورسٹیاں قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل طور پر صوبائی محکمہ ہے، اس لیے اس کی ترقی اور بہتری ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ بلوچستان کی غریب گھرانوں کے عام بچوں نے فزکس کے شعبے میں میرٹ پر یورپ کی جامعات سے اسکالرشپس حاصل کی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دور تعلیم کا ہے اور اعلی و ٹیکنیکل تعلیم آج ہماری قوم کی بنیادی ضرورت ہے۔ جس کے پاس جتنا زیادہ علم ہوگا وہ اتنا ہی باعزت مقام حاصل کرے گا۔آج ہمیں جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ معیاری تعلیم ہے۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جو کسی قوم کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ ہمیں مارکیٹ کی ضروریات اور جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ قوم کا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے۔ میں اپنی بچیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ خوب محنت سے پڑھیں اور تحقیق و تخلیق کریں ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) نے دنیا اور ترقی یافتہ ممالک میں اہم مقام حاصل کیا۔ہمارے نوجوانوں کو بھی AIکو بہتر و معیاری انداز سے سیکھنے و استعمال کرنے کی ضرورت ہے ہمارے لوگوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ضرورت صرف مواقع حوصلے اور مسلسل محنت کی ہے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے اراکین رکن ورکنگ کمیٹی بلوچستان مشکور انور اور صوبائی سیکریٹری برائے تعلیم سعدیہ بادینی بھی انکے ہمراہ تھے۔


