مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پرجمعیت کے رہنماوں نے کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا، مذاکرات کے بعد ٹریفک بحال
اوتھل (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین کی گرفتاری کے خلاف جے یو آئی کے مقامی رہنماو¿ں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر کوئٹہ اور اندرونِ بلوچستان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی مرکزی قومی شاہراہ (آر سی ڈی ہائی وے) کو مختلف مقامات سے رکاوٹیں کھڑی کر کے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بلاک کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مرکزی قیادت کی کال پر ضلع لسبیلہ اور حب کے مختلف شہروں اوتھل، بیلہ، حب اور وندر کے مقامات پر جے یو آئی کے کارکنان نے احتجاجی دھرنے دیے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اہم ترین تجارتی اور سفری شاہراہ بند ہونے کے باعث سڑک کے دونوں اطراف مسافر کوچز، نجی گاڑیوں، ایمبولینسز اور مال بردار ٹرکوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ طویل انتظار کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگ مسافروں کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مقامی رہنماو¿ں نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں اور بلاجواز گرفتاریوں کے ذریعے اپوزیشن کی آواز نہیں دبا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سربراہِ جمعیت مولانا فضل الرحمان کی ہدایت کی روشنی میں لسبیلہ ڈویڑن کے تمام شہروں میں غیر معینہ مدت تک روڈ بلاک رہیں گے اور جب تک مولانا عبدالغفور حیدری سمیت تمام گرفتار رہنماو¿ں اور کارکنان کو فی الفور رہا نہیں کیا جاتا، احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔


