بلوچستان میں 57 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم خریدنے کا معاہدہ، آئندہ ہفتے آٹا 120 سے 125 روپے کلو دستیاب ہوگا
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں کمی اور گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ بلوچستان اور پاسکو کے درمیان گندم کی خریداری کا معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے تحت پاسکو سے 57 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم سبسڈائزڈ نرخوں پر خریدی جائے گی جبکہ آئندہ ہفتے سیل پوائنٹس پر عوام کو آٹا 120 سے 125 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگا۔ صوبائی سیکرٹری کموڈیٹی مینجمنٹ ارشد حسین بگٹی نے بتایا کہ معاہدے کے تحت فلور ملز مالکان خریدی جانے والی گندم کی رقم براہِ راست پاسکو کو ادا کریں گے، جس پر صوبائی حکومت کو کوئی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔ گندم کی فراہمی کے بعد آئندہ ہفتے تک سیل پوائنٹس پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گندم کی عدم دستیابی کے باعث آٹا اس وقت 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کو مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


