بلوچستان اور سندھ اسمبلی میں کم عمری کی شادی کی باز گشت، اقلیتی اراکین کی مبینہ ’جبری مذہبی تبدیلی‘ پر تحفظات
ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی کم عمرلڑکی بندیا کماری کے مبینہ اغوا، مذہب کی مبینہ جبری تبدیلی اور نکاح کا معاملہ نہ صرف بلوچستان بلکہ سندھ اسمبلی اور سینیٹ کے کمیٹی میں بھی زیر بحث رہا ،آخر معمہ کیا ہے ؟
سینیٹ اقلیتی کاکس، بلوچستان اور سندھ اسمبلیوں میں اقلیتی اراکین کی جانب سے بارہا اٹھائے گئے مطالبات کے بعد بالآخر 16 نومبر کو سندھ کے شہر کشمور میں پولیس نے بلوچستان کے ضلع سبی سے تعلق رکھنے والی بندیا کماری کو عدالت میں پیش کر دیا۔ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ آفتاب احمد لغاری کی عدالت میں بندیا کماری نے تحریری طور پر 164 کا بیان ریکارڈ کروایا اور خود فری ہوم سکھر میں رہنے کی درخواست دی، جس پر عدالت نے اسے پولیس کی تحویل سے لے کر سکیورٹی میں سکھر کی فرزانہ ویلفیئر آرگنائزیشن (فری ہوم) کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
تاہم یہ پیشی اس وقت ہوئی جب وزیر داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو کا یہ دعویٰ پہلے ہی سامنے آ چکا تھا کہ لڑکی کی عمر 18 سال ہے اور اس نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کر کے نکاح کیا ہے۔ اس کے برعکس رکن سندھ اسمبلی مہیش کمار کی جانب سے سوشل میڈیا پر شائع کردہ دستاویزات کے مطابق بندیا کے اسکول سرٹیفکیٹ میں تاریخ پیدائش 12 مارچ 2012 درج ہے، جس سے اس کی عمر تقریباً 14 سال بنتی ہے۔ اسی طرح والد سنجے کمار کی جانب سے 14 اکتوبر کو سیوی سٹی تھانے میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے متن میں بھی بچی کی عمر 14 سال بتائی گئی ہے۔
یہی تضاد اس کیس کو صرف ایک لڑکی کے معاملے سے بڑھا کر اقلیتی برادری کے تحفظات، کم عمری کی شادی کے قانون کے نفاذ اور انتظامیہ کی کارکردگی سے متعلق سوالات کو جنم دیتا ہے۔
سبی سے کشمور تک، بندیا کماری ہے کون ؟
بندیا کماری بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے رند محلہ، چاکر روڈ سیوی کی رہائشی ہے۔ اقلیتی رہنما اشوک کمار کے مطابق وہ کلاس نہم کی طالبہ ہے۔ والد سنجے کمار کے مطابق بندیا کو کشمور کے رہائشی یاسر ڈومکی نے اغوا کیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعدمعاملہ فوراًبلوچستان اسمبلی پہنچا۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور سنجے کمار نے 10 نومبر کو ایوان میں بتایا کہ انہوں نے گزشتہ اجلاس میں بھی بندیا کماری کے مبینہ اغوا اور کم عمری کی شادی کا معاملہ اٹھایا تھا، تاہم 25 دن گزرنے کے باوجود اس کا سراغ نہیں لگ سکا۔ انہوں نے 2025 میں منظور ہونے والے قانون کے نفاذ پر سوال اٹھایا کہ ایوان سے منظور ہونے والے قانون کے تحت 18 سال سے کم عمر کی شادی پر پابندی عائد ہے، جبکہ اغوا ہونے والی بچی کی عمر صرف 14 سال ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مغوی بچی کو بازیاب کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے دیگر اراکین اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ جس طرح اسما جتک کے معاملے پر آواز اٹھائی گئی، اسی طرح بندیا کی بازیابی کے لیے بھی بھرپور آواز اٹھائی جائے 1
وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کی نوٹس لینے اور سندھ حکومت سے رابطے کی یقین دہانی کے باوجود وہ نہ صرف اجلاس سے غیر حاضر رہے بلکہ رپورٹ بھی پیش نہ ہو سکی، جس پر اشوک کمار نے ایوان سے واک آوٹ کیا اور کہا کہ وہ حکومتی بینچوں پر بیٹھے ہیں مگر حکومت ایک بچی کو بازیاب نہیں کرا سکی۔ 13 نومبر کو جب معاملہ دوبارہ اٹھایا گیا تو سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تمام اقلیتی برادریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جانی چاہیے۔ صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی گھناونا فعل ہے، بلوچستان کے عوام اور حکومت اقلیتی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور بچی کے ساتھ ہونے والا ظلم بلوچ اور پشتون روایات کے منافی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں بندیا کماری کو ایک کاغذ کے ساتھ دکھایا گیا جسے نکاح نامہ بتایا جا رہا ہے، اور اس میں وہ کہتی نظر آئی کہ ’شادی میری مرضی سے ہوئی ہے‘۔ ایک اور ویڈیو میں اسے میان مٹھو(اصلی نام میان عبدالحق جو سندھ کے شہر گھوٹکی کے با اثرمذہبی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ) کے ساتھ دکھایا گیا، جہاں وہ کلمہ طیبہ پڑھ رہی تھیں۔ دوسری جانب والدین اور اقلیتی اراکین کا موقف ہے کہ یہ کم عمری کی شادی اور مذہب کی مبینہ جبری تبدیلی کا معاملہ ہے۔
حکومتی موقف اوراقلیتی رکن کے اعتراضات:
16 نومبر کو جس دن بندیا کماری کو کشمور کی عدالت میں پیش کیا گیا، اسی روز بلوچستان اسمبلی میں وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کا بیان سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سبی سے مبینہ طور پر لے جائی جانے والی لڑکی کی عمر 14 سال نہیں بلکہ 18 سال ہے۔ ان کے مطابق لڑکی نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا اور لاڑکانہ میں اپنی پسند سے شادی کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے متعلقہ ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے اور بلوچستان پولیس صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔
تاہم اسی اسمبلی فلور پر اقلیتی رکن سنجے کمار نے وزیر داخلہ کی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کو ان کے محکمے نے غلط رپورٹ دی ہے۔ ان کے مطابق عدالت میں بندیا کماری کی کم عمری ثابت ہو چکی ہے اور نابالغ ہونے کی بنا پر ہی اسے فری ہوم منتقل کیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی اور سینیٹ میں بھی گونج
سینیٹ میں سینیٹر دنیش کمار نے بارہا بندیا کماری کی بازیابی کا معاملہ اٹھایا۔ سینیٹ اقلیتی کاکس کے اجلاس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نظیر عباسی نے کمیٹی کے سامنے بندیا کماری کی عدالت میں جمع کرائی گئی بیان اور متعلقہ رپورٹ پیش کی۔اقلیتی کاکس کے دیگر اراکین نے سندھ میں مبینہ جبری مذہبی تبدیلیوں پر نہ صرف شدید تشویش کا اظہار کیا ہے بلکہ حکومت سے ان کی روک تھام کا مطالبہ بھی کیا ہے، جبکہ ایک خاتون اقلیتی رکن قومی اسمبلی نے اس معاملے میں میاں مٹھو کے اثر و رسوخ پر بھی بات کی ۔
معاملہ سندھ اسمبلی میں بھی زیر بحث رہا۔ رکن اسمبلی مہیش کمار نے بندیا کماری کے کیس میں وزیر داخلہ سندھ اور پولیس کی کاوشوں کو تو سراہا مگر ساتھ ہی سوال اٹھایا کہ حکومتی اقلیتی ارکان ایک ماہ سے زائد خاموش کیوں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب بدلنے سے بچی کی عمر نہیں بدلتی اور مبینہ اغوا، تبدیلی مذہب اور کم عمری کی شادی کی مکمل تحقیقات ہونی چاہییں۔
عدالتی پیش رفت:
16 نومبر کو بخشاپور پولیس نے بندیا کماری کو کشمور کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں والدین سے ملاقات بھی کروائی گئی۔ بندیا نے 164 کا تحریری بیان دینے کے ساتھ فری ہوم میں رہنے کی درخواست کی، جس پر سول جج آفتاب احمد لغاری نے آئندہ حکم تک اسے سخت سکیورٹی میں سکھر کے فری ہوم کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں ایک حلف نامہ بھی جمع کروایا گیا جس میں بندیا کا نام یاسمین اور عمر 18 سال بتائی گئی تاہم اس حلف نامے میں شناختی کارڈ نمبر کا خانہ خالی نظر آ رہا ہے۔
قانون کیا کہتا ہے؟
بلوچستان چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 کے تحت لڑکے اور لڑکی دونوں کے لیے شادی کی کم از کم قانونی عمر 18 سال مقرر ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2016 بھی موجود ہے۔ سندھ میں بھی چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 کے تحت شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر ہے
اقلیتی برادری اور اراکین اسمبلی کا موقف ہے کہ لسبیلہ، نصیرآباد ڈویژن (جسے گرین بیلٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) اور سندھ میں اس طرح کے معاملات نئے نہیں ہیں اور بار بار ایسے کیسز سامنے آتے رہتے ہیں۔ بندیا کماری کا کیس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس نے ایک بار پھر کم عمری کی شادی، مبینہ جبری مذہب تبدیلی اور قانون کے حقیقی نفاذ کے سوالات کوایک بار پھر تازہ کر دیا


