بلوچستان میں صحافت کا سکڑتا دائرہ، بیوروز کی بندش اور صحافیوں کی بے روزگاری سے عوام مقامی خبروں سے محروم
تحریر: مطیع اللہ مطیع
بلوچستان میں صحافت کے شعبے کو ایک طرف قومی سطح کے ٹی وی چینلز کے علاقائی بیوروزکے دفاتر کی بندش اور صحافیوں کی جبری برطرفیوں کاسامناہے تو دوسری جانب محدود وسائل، سنسرشپ، سکیورٹی خدشات، معاشی دباؤ اور ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات نے صوبے میں صحافتی آزادی، خودمختاری اور معیاری صحافت کے مستقبل پر سوالات کھڑے کردئیے ہیں۔
محب اللہ نے 2014 میں ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ بطور ٹرینی صحافت کے سفر کا آغاز کیا۔ دو سال بعد 2016 میں انہوں نے باقاعدہ طور پر پیشہ ورانہ صحافت شروع کی۔ اس دوران وہ مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے اور خیبر ٹی وی کے ساتھ بطور اینکر بھی کام کیا۔ تقریبا چار سال قبل انہوں نے سنو ٹی وی کے کوئٹہ بیورو میں بطور رپورٹر ذمہ داریاں سنبھالیں، جہاں مختلف موضوعات پر رپورٹنگ کرتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ سفر کو آگے بڑھاتے رہے۔
تاہم پانچ ماہ قبل ان کا یہ سفر اچانک اختتام پذیر ہوگیا، جب سنو ٹی وی نے کوئٹہ بیورو بند کرنے کے فیصلے کے تحت سینکڑوں ملازمین کو فارغ کر دیا۔ محب اللہ بھی ان متاثرہ صحافیوں میں شامل تھے جنہیں ایک فون کال کے ذریعے ملازمت ختم ہونے کی اطلاع دی گئی۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر باقاعدہ نوٹس نہیں دیا گیا، البتہ چند روز بعد انہیں ٹرمینیشن لیٹر موصول ہوا۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے مطابق صوبے میں9ٹی وی چینلز اور2اخبارات سے اب تک 120سے زائد ملازمین کوفارغ کیاجاچکاہے ،41ملازمین فارغ کرنیو الے 9ٹی وی چینلز کے ساتھ اب صرف 19ملازمین کام کررہے ہیں ۔
محب اللہ بتاتے ہیں کہ ادارے کی جانب سے انہیں ماہانہ تنخواہ کے علاوہ موبائل فون کے استعمال کیلئے 12سو روپے دیے جاتے تھے، تاہم ملازمت کے ساتھ کوئی دوسری مراعات یا سہولیات فراہم نہیں کی جاتی تھیں۔ ابتدا میں تنخواہیں وقت پر ملتی رہیں، لیکن بعد ازاں ادائیگیوں میں تاخیر معمول بنتی گئی۔ کبھی تنخواہ مہینے کی 14 یا 15 تاریخ کو ملتی تو بعض اوقات 20 تاریخ کے بعد بھی انتظار کرنا پڑتا تھا۔
محب اللہ کہتے ہیں کہ صحافت کے علاوہ ان کے پاس فی الحال کوئی دوسرا مستقل ذریعہ آمدن نہیں، تاہم وہ فری لانسنگ کے ذریعے گھر کے معاشی اخراجات پورے کرنے اور زندگی کا پہیہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں صحافیوں کو صرف معاشی عدم تحفظ کا سامنا نہیں بلکہ رپورٹنگ کے دوران ذاتی تحفظ کے مسائل بھی درپیش رہتے ہیں۔ بعض مواقع پر حساس موضوعات، خصوصا منشیات اور دیگر جرائم سے متعلق خبریں، ذاتی سلامتی کے خدشات کے باعث نشر کرنے سے روکنا پڑیں۔ یوں ایک صحافی کے لیے روزگار کا تحفظ، پیشہ ورانہ آزادی اور اپنی جان کی حفاظت بیک وقت بڑے سوالات بن چکے ہیں۔
بلوچستان میں خواتین صحافی بھی اس بحران کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہی ہیں۔ خاتون صحافی بشری صدیقی کہتی ہیں کہ صحافت ریاست اور معاشرے کا چوتھا ستون ہے، لیکن بدقسمتی سے اسی ستون کو کمزور کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان کے مطابق صحافی پہلے ہی مالی مشکلات اور گھریلو ذمہ داریوں کے دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں ملازمتوں سے برطرفی اور بیورو دفاتر کی بندش نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
بشری صدیقی کا کہنا ہے کہ بے روزگاری کے باعث صحافی ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ جو صحافی معاشرے کے مسائل اجاگر کرتے اور دوسروں کی آواز بنتے ہیں، آج ان کے اپنے گھریلو اور معاشی مسائل سننے والا کوئی نہیں۔ ان کے بقول بیورو دفاتر کی بندش اور جبری برطرفیوں سے نہ صرف صحافیوں کا روزگار متاثر ہورہا ہے بلکہ صحافتی آزادی اور خودمختاری بھی داؤ پر لگ رہی ہے۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد بلوچ کہتے ہیں کہ صحافیوں کی جبری برطرفیوں، بیورو دفاتر کی بندش، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر مسائل کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر کوئٹہ میں بھی احتجاجی تحریک شروع کردی گئی ہے۔
ان کے مطابق احتجاج کے پہلے مرحلے میں 3نومبر کوکوئٹہ پریس کلب کے سامنے علامتی طور پر سیاہ پرچم لہرا دیا گیا اوراحتجاج کیاگیاتھاجبکہ دوسرے مرحلے میں احتجاجی کیمپ قائم کیا جائے گا۔ پی ایف یو جے ملک بھر میں صحافت کو درپیش مشکلات کے خلاف آواز بلند کی جارہی ہے۔ ایک جانب صحافیوں کو ملازمتوں سے فارغ کیا جارہا ہے اور تنخواہیں بند کی جارہی ہیں تو دوسری جانب پیکا قانون کے تحت نوٹسز، چھاپوں اور سنسرشپ کے خدشات نے صحافتی برادری کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
منظور احمد بلوچ کے مطابق صحافیوں کی معاشی مشکلات اور پیشہ ورانہ آزادی کے مسائل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور اس صورتحال پر صحافتی تنظیمیں خاموش نہیں رہ سکتیں۔
خاتون صحافی سعدیہ جہانگیربلوچستان میں صحافیوں کو ملنے والی محدود پیشہ ورانہ حیثیت اور عدم تحفظ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہتی ہے کہ بلوچستان کے صحافی انتہائی مشکل اور مخدوش حالات میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، لیکن انہیں وہ مقام اور سہولیات نہیں مل سکیں جن کے وہ مستحق ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ایک صحافی دنیا بھر کے واقعات اور معاشرے کے مسائل کی خبریں تو اپنے ادارے کے ذریعے نشر کرتا ہے، لیکن جب خود کسی مشکل یا ناانصافی کا شکار ہو تو اس کے لیے اپنی ہی خبر اپنے چینل پر چلانا ممکن نہیں ہوتا۔ یہ صورتحال صحافیوں کی پیشہ ورانہ زندگی اور ان کے ذاتی مسائل کے درمیان موجود تضاد کو ظاہر کرتی ہے۔
صحافتی مواقع میں کمی اور روایتی میڈیا میں کام کے محدود امکانات کو دیکھتے ہوئے چمن سے تعلق رکھنے والے فری لانس صحافی احمد ظاہر نے سوشل میڈیا کا رخ کیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے صحافتی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
احمد ظاہر کے مطابق صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران انہیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے چمن شہر کو درپیش مسائل اور عوامی مشکلات کو سوشل میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی کوشش کی۔
احمد ظاہر کو چمن پرلت (احتجاجی دھرنے) کی کوریج کے دوران قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ یہ احتجاج 20 اکتوبر 2023 کو شروع ہوا تھا اور 20 جولائی 2024 تک جاری رہا۔ احمد ظاہر کے مطابق احتجاج کی رپورٹنگ کے دوران جون 2024 کے پہلے ہفتے میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں سرکاری امور میں مداخلت اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے۔
احمد ظاہر کا کہنا ہے کہ مقدمے کی سماعت کے باوجود انہوں نے فیس بک، ٹک ٹاک اور یوٹیوب کے ذریعے رپورٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ ابتدا میں ان پلیٹ فارمز سے انہیں کوئی آمدن حاصل نہیں ہوتی تھی، تاہم بعد ازاں ان کا فیس بک اکاؤنٹ مونیٹائز ہونے کے بعد محدود آمدن شروع ہوگئی، جس سے انہیں ڈیجیٹل صحافت جاری رکھنے میں کچھ مالی سہارا ملا۔
احمد ظاہر کے مطابق فیس بک سے اتنی آمدنی ہوتی ہے کہ گزارہ ہو جاتاہے اصل بات مسائل کی ہے اور فیس بک کے ذریعے ان مسائل کو اجاگر کرنے کے بعد اگر یہ حل ہوتا ہے تو یہ بڑی بات ہوتی ہے۔
جامعہ بلوچستان کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر ببرک نیاز کے مطابق ٹی وی بیورو محض ایک دفتر نہیں بلکہ ایک منظم ادارہ ہوتا ہے جہاں مختلف افراد اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ اس کا کردار صرف خبریں اکٹھی کرنے تک محدود نہیں بلکہ مقامی حالات کو سمجھنے، ان کی تصدیق کرنے، رپورٹنگ کے انتظامات اور قومی سطح پر علاقائی مسائل اجاگر کرنے تک پھیلا ہوتا ہے۔
ان کے مطابق بیورو کی بندش سے ایک طرف بے روزگاری بڑھتی ہے تو دوسری جانب خبروں کی کوریج بھی متاثر ہوتی ہے۔ بلوچستان ایک شورش زدہ صوبہ ہے جہاں قبائلی، سیاسی، سماجی اور سکیورٹی سے متعلق مختلف پیچیدگیاں موجود ہیں۔ ایسے حالات میں صوبے کے لیے مستقل اور فعال بیورو کی ضرورت دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
پروفیسرڈاکٹر ببرک نیاز کہتے ہیں کہ پاکستان میں قیام پاکستان کے بعد سے سنسرشپ کے مختلف ادوار دیکھنے میں آئے ہیں، تاہم نجی میڈیا کے فروغ کے بعد بھی خبروں کی ترجیحات اور کوریج کے حوالے سے مسائل برقرار رہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کی رپورٹنگ کو دوسرے صوبوں کے عمومی صحافتی ماڈل کے تحت نہیں دیکھا جاسکتا کیونکہ یہاں کے حالات، جغرافیہ، تنازعات اور سماجی ڈھانچے کی نوعیت مختلف ہے۔
وہ سمجھتے ہیں کہ میڈیا کا انفارمیشن ایکو سسٹم تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ دنیا گلوبل ولیج کی شکل اختیار کرچکی ہے اور مصنوعی ذہانت سمیت نئی ٹیکنالوجیز نے صحافتی اداروں کے کام کرنے کا طریقہ بدل دیا ہے۔ ماضی میں جو کام متعدد افراد کی ٹیم انجام دیتی تھی، اب ادارے وہی کام مصنوعی ذہانت کی مدد سے کم افراد کے ذریعے کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے میڈیا مالکان کے اخراجات میں کمی تو آتی ہے، لیکن صحافیوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع محدود ہوتے جارہے ہیں۔
ڈاکٹر ببرک نیاز کے مطابق آنے والے برسوں میں روایتی میڈیا کے مزید بیورو دفاتر ختم ہونے کا امکان بھی موجود ہے، کیونکہ بڑے صحافی اور میڈیا ادارے تیزی سے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔تاہم ان کے نزدیک ڈیجیٹل میڈیا کا فروغ بذات خود صحافت کے معیار کی ضمانت نہیں۔ بلوچستان میں صحافیوں اور مقامی نمائندوں کی پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی قابلیت اور رپورٹنگ کے معیار پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض میڈیا ادارے مقامی نمائندوں کو صرف کارڈ فراہم کرتے ہیں، لیکن ان کی تربیت، علمی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جاتے۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ صحافتی خودمختاری اور معاشی مفادات کے درمیان ایک پیچیدہ تعلق موجود ہے۔ جب صحافت مکمل طور پر کمرشل مفادات کے زیر اثر آتی ہے تو خبر کا معیار اور آزادی متاثر ہونے لگتے ہیں۔ یہی رجحان ڈیجیٹل میڈیا میں بھی دکھائی دیتا ہے، جہاں بعض سوشل میڈیا اکانٹس اپنی مقبولیت اور فالوورز کی تعداد کو تجارتی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہوئے پیڈ تشہیر، بلیک میلنگ یا غیر قانونی سرگرمیوں سے وابستہ عناصر کی تشہیر کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔
تجزیہ نگار سید نقیب اللہ تارن سمجھتے ہیں کہ گزشتہ پانچ سے دس برسوں کے دوران پاکستان میں میڈیا نے تیزی سے ترقی کی لیکن بلوچستان میں ٹی وی صحافت اس رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ قومی ٹی وی چینلز پر صوبے کو مناسب جگہ نہ ملنے کے باعث سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا نے اس خلا کو کسی حد تک پر کیا ہے۔
ان کے مطابق بلوچستان کے لوگوں نے مقامی خبریں جاننے کے لیے ٹی وی کے بجائے سوشل میڈیا کو ترجیح دینا شروع کردی، جس کے نتیجے میں قومی ٹی وی صحافت اور بلوچستان کے عوام کے درمیان فاصلہ بڑھتا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب قومی چینلز کے علاقائی بیورو موجود تھے تب بھی بلوچستان کو قومی میڈیا میں مناسب نمائندگی نہیں ملتی تھی۔ کئی اہم واقعات اور بڑی خبروں کو بھی صرف ٹکرز تک محدود رکھا جاتا تھا، جبکہ رپورٹرز کی محنت سے تیار ہونے والا مواد اکثر نشر نہیں کیا جاتا تھا۔
سید نقیب اللہ تارن کے مطابق بلوچستان میں بیورو دفاتر کی بندش کے پیچھے اشتہارات اور آمدنی کی کمی، دفاتر کے کرائے، انتظامی اخراجات، عملے کی تنخواہیں، سفری اخراجات اور آلات کی لاگت جیسے عوامل بھی اہم ہیں۔ ان کے بقول بعض اوقات اخراجات کم کرنے کے ان فیصلوں کو سکیورٹی مسائل سے جوڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ بیورو دفاتر کی بندش سے مستقل ملازمتوں کے مواقع مزید کم ہوگئے ہیں۔ جامعات سے ہر سال بڑی تعداد میں نوجوان صحافت کی تعلیم حاصل کرکے عملی میدان میں آتے ہیں، لیکن روزگار کے محدود مواقع کے باعث انہیں کم معاوضے پر فری لانسنگ کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔
سید نقیب اللہ تارن مقامی رپورٹرز کے معاوضوں اور کریڈٹ کے مسئلے کو بھی اہم قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض قومی چینلز مقامی نمائندوں سے خبری مواد حاصل کرتے ہیں، لیکن انہیں مناسب معاوضہ یا کریڈٹ نہیں دیا جاتا۔ وہ اپنی مثال دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایک بڑے چینل نے ان سے ایک خبر کے لیے مواد حاصل کیا، جس کے لیے انہوں نے کافی محنت کی، لیکن بعد میں اس خبر کا کریڈٹ خود لے لیا گیا اور انہیں شکریہ تک ادا نہیں کیا گیا۔
نجی ٹی وی چینلز کی بیورو آفسز کی بندش کے معاملے پر وزیراعلی بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کہتے ہیں کہ اگر کوئی صحافی بے روزگار ہوجاتا ہے تو یہ جعلی خبریں پھیلانے کا جواز نہیں بن سکتا۔ ان کے مطابق بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب نے جب بھی بیورو دفاتر کی بندش اور ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل حکومت کے سامنے رکھے ہیں، صوبائی حکومت نے اپنے دائرہ اختیار اور وسائل کے مطابق ان معاملات پر بات کی ہے۔
شاہد رند کا کہنا ہے کہ حکومت نجی ٹی وی چینلز کو کسی فیصلے یا اقدام کا پابند نہیں کرسکتی، تاہم ماضی میں بھی ان اداروں پر اخلاقی دباؤ ڈالا گیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان، کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے ساتھ مل کر ان میڈیا اداروں کو، جنہیں سرکاری اشتہارات جاری کیے جاتے ہیں، صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کے حوالے سے پابند کرنے کے امکانات پر کام کرے گی۔


