وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی نئے صوبوں کے قیام کےلئے ریفرنڈم کی حمایت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، بادشاہت صرف اللہ کی ہے، بندے کی کوئی بادشاہت نہیں، نئے صوبوں سے کسی کی حکمرانی کو سکڑنے کا خدشہ نہیں ہوناچاہیے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ جب تک نئے صوبے نہیں بنتے عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا، جنوبی پنجاب کے عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے لیے ووٹ دیتے ہیں تو یہ خوش آئند ہوگا۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے طریقہ کارکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم ضرور ہونا چاہیے۔ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں این ایچ اے پوری طرح سرگرم عمل ہے اور مختلف شاہراہوں پر کام جاری ہے، لودھراں ملتان ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش جاری ہے۔ انہوں نے لودھراں ملتان ایکسپریس وے این 5 کے درمیان گرین بیلٹ اور لائٹنگ کی ہدایت کر دی۔


