خضدار کراچی کوچز کے کرایوں میں کمی نہ ہو سکی ، عوام میں تشویش

خضدار(انتخاب نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی خضدار سے کراچی کے درمیان چلنے والی مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے مسافروں کے کرایوں میں یکدم اضافہ کرتے ہوئے تقریباً دوگنا کر دیے تھے، تاہم اب پاکستانی اور ایرانی ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی، جس کے باعث خضدار سے کراچی سفر کرنے والے غریب اور متوسط طبقے کے مسافروں کو شدید مشکلات اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)، ڈپٹی کمشنر خضدار، اسسٹنٹ کمشنر خضدار اور ایس ایس پی خضدار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خضدار سے کراچی چلنے والی تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے کرایوں کا جائزہ لیا جائے اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے کوچز کے کرایوں میں بھی فوری کمی کروائی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ کمپنیاں بغیر کسی تاخیر کے کرایوں میں اضافہ کر دیتی ہیں، لیکن جب ڈیزل کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو مسافروں کو ریلیف دینے کے بجائے پرانے مہنگے کرائے برقرار رکھے جاتے ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے مو¿ثر نگرانی نہ ہونے کے باعث ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی من مانی سے عوام پریشان ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خضدار سے کراچی کے درمیان چلنے والی کوچز کے کرایوں کا باقاعدہ تعین کیا جائے، مقررہ کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ غریب عوام کو مہنگائی کے اس دور میں سفری اخراجات کے حوالے سے حقیقی ریلیف مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے