ایرانی پیٹرول کی قیمتیں کم نہ کرنا بلوچستان کے عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے، مولانا ہدایت الرحمن

کوئٹہ(یو این اے )امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی پیٹرول کی قیمت میں 90 روپے فی لیٹر کمی کے باوجود ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا بلوچستان کے عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔ بلوچستان کے عوام کو سستے پیٹرول کے حصول سے محروم رکھنا اور روزگار کے ذرائع بند کرنا افسوسناک ہے۔ کراچی جانے والے مسافروں کو چیک پوسٹوں پر تنگ کرنا اور ان کی تذلیل کرنا ناقابل برداشت ہے، جبکہ آٹے کی قیمتیں بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں۔گوادر میں مختلف وفود سے ملاقاتوں اور تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان، تاجر اور عام شہری مختلف مسائل اور زیادتیوں کا شکار ہیں۔ بحیثیت رکن صوبائی اسمبلی اور امیر جماعت اسلامی بلوچستان وہ عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان کے عوام کو کب تک بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم رکھا جائے گا؟ بارڈرز بند، شاہراہوں پر لوٹ مار، جان و مال غیر محفوظ، مسافروں کی تذلیل اور تاجروں کے کاروبار متاثر ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ہزاروں خاندانوں کا روزگار سرحدی تجارت سے وابستہ ہے۔ بارڈرز کی بندش سے نہ صرف کاروبار متاثر ہوتا ہے بلکہ گھروں کے چولہے بھی بجھ جاتے ہیں۔ حکومت سرحدی تجارت کو قانونی، محفوظ اور آسان بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور مقامی آبادی کے موجودہ ذرائع روزگار بند کرنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی اور دیگر شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو غیر ضروری چیکنگ اور تضحیک آمیز رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چیک پوسٹوں پر شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور مسافروں کو بلاوجہ پریشان کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، صاف پانی کی قلت، بدامنی، بدعنوانی، بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایک طرف صوبے کے قدرتی وسائل سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے، دوسری طرف یہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے روزگار کی تلاش میں دربدر ہیں، تاجر کاروباری مشکلات کا شکار جبکہ غریب خاندان دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مطالبہ کیا کہ حکومت آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پائے، ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، سرحدیں کھول کر سرحدی تجارت بحال کرے اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ محض اعلانات اور وعدوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ حکومتی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے مظلوم عوام، نوجوانوں، تاجروں اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی اور عوامی مسائل، ناانصافی اور معاشی مشکلات پر خاموش نہیں رہے گی۔ بلوچستان کے عوام کو عزت، امن، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں