جمعیت کے رہنما وں کو تھری ایم پی او کے تحت گھر وں میں نظر بند کرنے کی مذمت کرتے ہیں، رحمت صالح بلوچ
کوئٹہ (این این آئی )نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری، رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل قادر مندوخیل، سید ظفر آغا اور حاجی اصغر ترین کو تھری ایم پی او کے تحت گھر میں نظر بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق دیتے ہیں، اس حق کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا نہ صرف آئین کی روح کے منافی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے لیے بھی نیک شگون نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سینیٹر، اپوزیشن لیڈر اور منتخب ارکان صوبائی اسمبلی کے ساتھ اس طرح کا طرز عمل انتہائی افسوسناک ہے۔ سیاسی رہنماو¿ں کو پابند سلاسل کرنے اور ان کی سیاسی و جمہوری سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ نیشنل پارٹی اس اقدام کی شدید مذمت کرتی اور جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔میر رحمت صالح بلوچ نے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری سمیت تمام نظر بند ارکان اسمبلی اور سیاسی رہنماو¿ں کی نظر بندی فوری طور پر ختم کی جائے اور سیاسی اختلافات کو جمہوری روایات اور سیاسی مکالمے کے ذریعے حل کیا جائے۔


