بارڈر کی بندش ختم کرنے کا خیر مقدم ، غریب عوام اور محنت کش طبقے کیلئے خوش آئند پیشرفت ہے ، رحمت صالح بلوچ
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے آئی جی ایف سی ساو¿تھ کی جانب سے پاک ایران عبدوئی بارڈر کراسنگ پوائنٹ کھولنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مکران کے عوام، خصوصاً غریب اور محنت کش طبقے کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدوئی بارڈر مکران کے ہزاروں لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ سرحدی تجارت سے غریب خاندانوں کی گزر بسر وابستہ ہے، جبکہ مقامی تاجر، ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز، مزدور اور دیگر محنت کش اسی کاروبار کے ذریعے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ بارڈر کی بندش سے ان طبقات کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے اس کی بحالی سے براہِ راست عام اور غریب عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ عبدوئی بارڈر کھلنے سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، مقامی تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف حاصل ہوگا اور سرحدی علاقوں میں معاشی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ مکران کے متعدد خاندان سرحدی تجارت، اشیائے خوردونوش کی ترسیل، ٹرانسپورٹ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہیں، لہٰذا اس اہم گزرگاہ کی بحالی سے پنجگور، تربت، مند، تمپ، گوادر اور ملحقہ علاقوں میں کاروبار اور روزگار کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے۔انہوں نے آئی جی ایف سی ساو¿تھ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عبدوئی بارڈر کھولنے کا اعلان قابلِ ستائش اقدام ہے، کیونکہ اس سے ان غریب خاندانوں کو معاشی سہارا ملنے کی امید ہے جن کا روزگار سرحدی تجارت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اعلان پر جلد عملی طور پر عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ عوام کو اس کے ثمرات سے فائدہ پہنچ سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی تجارت کو مستقل بنیادوں پر فعال بنایا جائے، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور غیر ضروری تجارتی رکاوٹوں کو دور کیا جائے، تاکہ مقامی لوگوں کے روزگار کو تحفظ ملے، بے روزگاری میں کمی آئے اور مکران کے عوام کے لیے معاشی خوشحالی کے نئے راستے کھل سکیں۔


