کچھی اور خاران میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 17 دہشت گرد ہلاک کر دیے، آئی ایس پی آر
ویب ڈیسک :آئی ایس پی آر کے مطابق یکم نومبر کو کچھی اور خاران سیکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، ضلع کچھی کے علاقے سنی میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں کچھی کے علاقے سنی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کا خاتمہ کیا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہید سپاہی حکمت اللہ کی عمر 25 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا،خاران میں آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا،علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وڑن کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


