کیس میں پاکستان کے معاشی چیلنجز اور اداروں کے کردار پر خصوصی نشست کا انعقاد
اسلام آباد(انتخاب نیوز)سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز نے 24 نومبر 2026 کو ”ادارے، طرزِ حکمرانی اور پاکستان کی معاشی ترقی“ کے موضوع پر ایک خصوصی مکالماتی نشست کا انعقاد کیا۔ نشست میں اس بات پر غور کیا گیا کہ سیاسی اور معاشی ادارے قومی خوشحالی، معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کے فروغ میں کس طرح اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک آزاد تھنک ٹینک کی حیثیت سے کیس قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل موضوعات پر سنجیدہ مکالمے اور مو¿ثر پالیسی سازی کو فروغ دینے کے لیے ایسے علمی و فکری فورمز کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔نشست کی نظامت ڈائریکٹر کیس، ڈاکٹر اقدس افضل نے کی۔ انہوں نے ادارہ جاتی نظام، معاشی جمود اور سیاسی عدم استحکام کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کی معاشی ترقی میں ریاستی اداروں کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بار بار معاشی بحرانوں کا شکار ہونے، پالیسیوں میں تسلسل کی کمی اور اداروں کی خودمختاری کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کلیدی مقرر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہرینِ معیشت طویل عرصے سے اس سوال کا جائزہ لے رہے ہیں کہ بعض ممالک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیوں ہوتے ہیں، جبکہ دیگر ممالک غربت اور پسماندگی سے کیوں نہیں نکل پاتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 1980ئ کی دہائی سے پہلے معاشی ترقی کا انحصار بنیادی طور پر فعال منڈیوں کو سمجھا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ معاشی ترقی میں مضبوط اور مو¿ثر اداروں کی اہمیت بھی نمایاں ہوتی گئی۔ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ پاکستان میں نوآبادیاتی دور سے چلے آنے والے استحصالی ادارہ جاتی نظام نے اصلاحات کی راہ میں مشکلات پیدا کی ہیں۔ ان کے مطابق حقیقی اور پائیدار خوشحالی کے لیے صرف نئی پالیسیاں بنانا کافی نہیں، بلکہ اداروں کی سوچ، طرزِ عمل اور کام کرنے کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی لانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے اداروں کی مو¿ثر کارکردگی کے لیے شفافیت اور مضبوط احتساب کو بھی ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اچھی حکمرانی ہی معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کی بنیادی شرط ہے۔اختتامی کلمات میں صدر کیس، ایئر مارشل جاوید احمد (ریٹائرڈ) نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی اور قومی استحکام کے لیے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی، مرحلہ وار اقدامات اور مو¿ثر قیادت ضروری ہیں۔ ان کے مطابق عوام کا اعتماد بحال کرنے، نظامِ حکمرانی کو بہتر بنانے اور ملک میں جامع و پائیدار معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔


