سینیٹر کامران مرتضیٰ کے بھائی کی دکان سیل کرنے اور خاندان کی سیکیورٹی واپس لینے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، مولانا واسع
کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے جماعت کے مرکزی رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ کے بھائی کی دکان سیل کرنے اور خاندان کی سیکیورٹی واپس لینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی معزز شہری کی دکان بند کرنا کہاں کا انصاف ہے اور سینیٹر کامران مرتضیٰ جو خود رکنِ سینیٹ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور ملک کے معروف قانون دان ہیں اور ان کی اہلیہ رکنِ قومی اسمبلی ہیں، ان کے خاندان کے ساتھ یہ ناروا اور افسوسناک سلوک قابلِ مذمت ہے کہ ایک طرف ان کے بھائی کی دکان سیل کی جا رہی ہے تو دوسری جانب خاندان کی سیکیورٹی بھی واپس لی جا رہی ہے، انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا پارلیمنٹ کے رکن اور ان کے خاندان کو بھی ملک میں تحفظ اور عزت حاصل نہیں، حکومت سیاسی اختلاف کی بنیاد پر شخصیات اور ان کے خاندانوں کو انتقام کا نشانہ بنانے سے باز آئے اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کے بھائی کی دکان فوری کھولی جائے، خاندان کی سیکیورٹی بحال کی جائے اور اس غیر منصفانہ کارروائی کا جواب دے کر متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔


