کھڈکوچہ میں کرفیو کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار، غریب طبقہ فاقہ کشی کا شکار ہے، نفاذ فوری اٹھایا جائے، بی این پی
مستونگ (ویب ڈیسک) ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے ایک وفد نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر احمد شاہوانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن میر سکندر شاہوانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے کھڈکوچہ میں حالیہ نافذ کرفیو کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ طویل کرفیو کے باعث علاقے کے عوام، زمینداروں، کسانوں، مزدوروں، تاجروں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی متاثر ہورہی ہے، جس سے مقامی آبادی میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ وفد نے کہا کہ کھڈکوچہ ایک زرعی علاقہ ہے، جہاں کرفیو کے باعث زرعی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ مقامی معیشت بھی شدید دباﺅ کا شکار ہے۔ اس موقع پر ملک نصیر احمد شاہوانی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کھڈکوچہ کے عوام کے جائز مسائل کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام ریاست کی ذمہ داری ہے، تاہم عوام کو غیر ضروری مشکلات میں مبتلا کیے بغیر ایسے اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ شہریوں کی بنیادی ضروریات اور روزگار متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستونگ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام پہلے ہی معاشی مشکلات، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے حالات میں طویل پابندیوں سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے مو¿ثر اقدامات کرے۔ ملاقات کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک مو¿ثر انداز میں پہنچا کر ان کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔


