ن لیگ کی جانب بلوچستان کے مزید 10اضلاع کے لیے حفاظتی کٹس روانہ کردی گئیں

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی جانب سے ڈاکٹروں کیلئے فراہم کردہ حفاظتی کٹس صوبے کے مزید10اضلاع کیلئے روانہ کردی گئی ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بروقت عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں مصیبت کی اس گھڑی میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے مسیحا بغیر حفاظتی اقدامات کے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں شہباز شریف نے ملک بھر میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں سے 600کٹس بلوچستان کے ڈاکٹروں کو فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی طرف سے فراہم کردہ حفاظتی کٹس گزشتہ روز کوئٹہ میں ڈاکٹروں کے حوالے کی گئی تھیں اور بلوچستان کے مزید10اضلاع چمن،ژوب،لورالائی،دکی، موسیٰ خیل، پشین،نوشکی، واشک،نصیرآباد،خضدارکیلئے حفاظتی کٹس روانہ کردی گئی ہیں جبکہ دیگر اضلاع کیلئے بھی جلد ہی حفاظتی کٹس روانہ کردی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں