اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ و پارلیمانی رہنماؤں پر تشدد کیا، بشریٰ رند

کوئٹہ:سابق نگران صوبائی وزیر نوید احمد کلمتی، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشریٰ رند نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کے طول و عرض کی طرح گوادر اور مکرانی ڈویژن میں اربوں روپے کے فنڈ سے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، سپورٹس، سیاحت، ڈیمز اور تعلیمی اداروں سمیت سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے شروع کئے ہیں جس سے علاقے کے لوگ مستفید ہوں گے۔گزشتہ روز بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے روا رکھے جانے والے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی خلیل جارج بھٹو اور حاجی نور اللہ لہڑی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ نوید کلمتی نے کہا کہ گوادر اور سی پیک بلوچستان اور پاکستان کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بشریٰ رند نے گزشتہ روز بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ اور پارلیمانی رہنماؤں پر تشدد اور حملہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بلوچستان کی قبائلی روایات اور اقدار کو پامال کرکے اسمبلی کو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تالے لگائے ہیں اس لئے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں مستقبل میں اپنی اہمیت ختم ہوتی ہوئی دیکھ رہی ہے اس لئے اس طرح کی گھناؤنی حرکات کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں