اپوزیشن جماعتوں کا رویہ کسی طور پر تہذیب اور آداب و روایات سے مطابقت نہیں رکھتا، لالا رشید دشتی

تربت(نمائندہ انتخاب) مشیر برائے مذہبی امور اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما لالہ رشید دشتی نے بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے غیر پارلیمانی طرز عمل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار بلوچستان میں تمام اخلاقی، قومی، سیاسی جمہوری اور بلوچی آداب و روایات پامال کرکے اپوزیشن جماعتوں کی لیڈرشپ نے بدتہذیبی کی نئی روایت قائم کی جو صوبہ کی قومی و قبائلی روایات کی بدترین خلاف ورزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن، بھائی چارگی، قبائلی و قومی اصول و ضوابط اور برداشت و بلند حوصلہ لوگوں کی سرزمین ہے، موجودہ اپوزیشن سے پہلے بھی اپوزیشن پارٹیاں اور اپوزیشن لیڈرشپ رہی ہیں لیکن کسی نے سیاسی و جمہوری اور قومی و قبائلی رویات کی اس طرح دھجیاں نہیں اڑائیں جیسا موجودہ اپوزیشن اراکین نے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کی لیڈرشپ کا رویہ کسی طور پر تہذیب اور آداب و روایات سے مطابقت نہیں رکھتی تھی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن بلوچستان کے عوام دوست بجٹ اور ترقی سے خائف ہے انہیں بلوچستان کی ترقی سے دشمنی ہے اس لیے غیر سیاسی طریقوں پر اتر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت وزیر اعلیٰ جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں پہلی بار عوام کی صحیح نمائندگی کرتے ہوئے ترقی اور خوش حالی کی جانب محوسفر ہے جہاں ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا جس میں قومی تعمیر و ترقی کے بے شمار منصوبے شامل ہیں جن کی تکمیل سے بلوچستان کی نہ صرف پسماندگی دور ہوگی بلکہ خوش حالی کے ایک نئے اور تاریخی دور کا آغاز ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں