کوہاٹ، کمرے میں گیس بھرنے سے دھماکہ، خاتون اور تین بچے جاں بحق

کوہاٹ (انتخاب نیوز) کوہاٹ شہر کے علاقہ گڑھی بہرام خان میں گھر کے کمرے میں گیس بھرجانے کے باعث ہونے والے دھماکہ میں جاں بحق افراد کی تعداد4 ہوگئی جن میں ماں اورایک شیرخوار بچہ سمیت تین کمسن بچے شامل ہیں۔گزشتہ روز کوہاٹ کے شہری علاقے گڑھی بہرام خان میں عادل نامی شخص کے گھرایک کمرے میں گیس بھرجانے کے باعث زوردار دھماکہ ہواتھا جس کی زد میں آکر عادل کی اہلیہ اور تین کمسن بچے شدید جھلس کر زخمی ہو گئے تھے جنہیں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائی کرکے فوری طورپر ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال پہنچادیاتھا جہاں دو کمسن بچے 2 سالہ یوسف اورایک ماہ کی شیرخواربچی عائشہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے تھے جبکہ ماں اور ایک بچہ کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا تھا جہاں گزشتہ رات ماں اور بچہ بھی جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔اس طرح سلنڈر دھماکہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جھلس کرزندگی سے ہاتھ دھوبیٹے۔ جاں بحق افراد میں عادل کی 28 سالہ اہلیہ سارہ کے علاوہ 2 سالہ یوسف ایک ماہ کی شیرخوار بچی عائشہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر گیس لیک ہوکر کمرے میں بھرجانے سے اس وقت دھماکہ ہواجب بجلی کا سوئچ آن کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں