حکومت کا پرویز الٰہی کو وزیراعلی بنانے کیلئے نمبر پورے ہونے کا دعویٰ
لاہور (انتخاب نیوز) صوبہ پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے پرویز الہی کو وزیراعلی بنانے کے لیے نمبر پورے ہونے کا دعوی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی سیاسی صورتحال پر صوبائی وزرا کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور نئے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کا معاملہ زیر غور آیا۔ مذکورہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرقانون راجہ بشارت نے دعوی کیا کہ چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے لیے نمبرز پورے ہوگئے ہیں، ناراض اراکین بھی چوہدری پرویز الہی سے رابطے میں ہیں اور ان کی حمایت حاصل ہے اور چند ناراض اراکین جلد پرویز الہی کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ سے بھی رابطے میں ہیں، جلد اس حوالے سے بھی مثبت پیش رفت ہوگی جب کہ ن لیگ کے افراد بھی پرویز الہی کے ساتھ ہیں۔ادھر متحدہ اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا، قائد حزب اختلاف پنجاب اسمنلی حمزہ شہباز نے اپنی پارلیمانی پارٹی کے اہم رہنماں کو اس حوالے سے مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے، مسودہ تیار ہوتے ہی پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پیش کردیا جائے گا، جس کی حتمی منظوری کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیش کردی جائے گی۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، چوہدری پرویز الہی تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفی نہیں دیں گے بلکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے پر رہتے ہوئے ہی وزیراعلی کا ووٹ لیں گے اور اعتماد کا ووٹ ملنے کی صورت میں اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہوں گے اور اگر اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو اسپیکر کے عہدے پر ہی کام جاری رکھیں گے جب کہ آئین کے تحت اسپیکر کا عہدہ رکھتے ہوئے اعتماد کا ووٹ لیا جاسکتا ہے لیکن وزیراعلی منتخب ہونے پر آئین کے تحت اسپیکر کا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔


