عمران خان کا سوشل میڈیا پر خطاب، ٹوئٹر اسپیس نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بدھ کی رات انٹرنیٹ اور ممکنہ طور پر ٹوئٹر پر ایک عالمی ریکارڈ توڑنے میں صرف چند منٹ لگے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے تقریباً 4 لاکھ 46 ہزار سے زائد صارفین نے عمران خان کے ساتھ اسپیسز کے ذریعے بات چیت کی، جو ٹوئٹر پر ایک آڈیو لائیو فیچر ہے۔ اس دوران ایک وقت سابق وزیر اعظم کو سننے والے صارفین کی اوسط تعداد ایک لاکھ 65 ہزار تھی، ان کے خطاب کو فیس بک اور انسٹاگرام جیسے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی لائیو اسٹریم کیا گیا، جہاں ہزاروں صارفین نے انہیں دیکھا۔ تاہم پاکستان کے اندر اور باہر سے موجود پی ٹی آئی کے سپورٹر کے لیے خاص بات یہ تھی کہ وہ اپنے لیڈر کے ساتھ اپنی حمایت اور تشویش کا اظہار کر سکے۔ ایک پریشان سپورٹر نے عمران خان سے سوال کیا کہ ’آپ کیسے ہیں؟‘ لائیو سیشن ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ آج لاہور کے جلسے میں اپنی جان کو لاحق خطرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہو وہ جلسے میں شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان ایک خاص جگہ ہے کیونکہ وہاں قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی۔ سابق وزیر اعظم نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مسلمانوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ایک علیحدہ گھر (زمین) چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لاہور جلسے میں اپنی آزادی کی تحریک بھی شروع کریں گے، مجھے یقین ہے کہ ریکارڈ تعداد میں لوگ آئیں گے۔ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ ان کی حکومت کے خاتمے کے بعد ان کی حمایت میں اتنا بڑا ہجوم سامنے آئے گا، ’میں نے جس تعداد میں لوگ آئے ان میں سے صرف پانچ فیصد افراد کے آنے کی توقع کی تھی‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب میں نے لوگوں کو دیکھا تو میں بہت خوش ہوا کیونکہ میں نے ایک قوم کو ابھرتے ہوئے دیکھا، پہلی بار میں نے دیکھا کہ ہمیں 75 سال پہلے کہاں ہونا چاہیے تھا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے احتجاج کو ’بے مثال‘ قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب سازشیں کام نہیں آئیں گی کیونکہ لوگ سیاسی طور پر باشعور ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں