پاکستان نے ونڈے سیریزمیں ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کردیا

ملتان (انتخاب نیوز)پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر کلین سوئپ کرلیا۔پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔عقیل حسین 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں پر269رنز بنائے،آل راونڈر شاداب خان 86 اور امام الحق 62 رنز بناکر نمایاں رہے۔ موسم کی خرابی کے وجہ سے میچ رک جانے کی وجہ سے اسے 48 اوور فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔شاہنواز دھانی کو شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے کیپ پیش کی جس پر تمام کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد دی۔پاکستان کی اننگز کا اآغاز اچھا رہا اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 35 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ایسے میں آل راونڈر زشاداب خان نےشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی لیکن وہ بھی اختتامی اوورز میں 86 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 4 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کاآغاز اچھا نہ رہا اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں۔ عقیل حسین 60 اور کیاسی کاٹی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جتوا نہ سکے ، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آوٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں 53 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔شاداب خان کوآل راونڈ کار کردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 199 رنز بنانے پر امام الحق پلیئرآف دی سیریز کا ایوارڈ لے اڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں