افسوس ہے جس ملک میں اسکواش کا راج تھا، آج اس کے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں، جہانگیر خان
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا ہے پاکستان اسکواش فیڈریشن کو کھیل کو بہتر بنانے اور ملک کا شاندار ماضی واپس لانے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔کراچی میں بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 6 بار ورلڈ اوپن، 10 مرتبہ برٹش اوپن جیتنے والے پاکستان کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ آج عالمی درجہ بندی کے ابتدائی 25 کھلاڑیوں میں افسوس کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ جس ملک میں اسکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج اس ملک میں اسکواش پر راج کرنے والے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں۔ پاکستان میں اسکواش کا ٹیلنٹ بھی موجود ہے اور اسکواش کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ بھی تواتر کیساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔ ان مشکلات میں بھی اسکواش میں اسپانسر آرہے ہیں ، بڑی بات ہے، فیڈریشن کو چاہیے کہ اکیڈمی لگائے، کھلاڑیوں کو آگے آنے کے لیے بہتر راستے فراہم کرے۔ ہم عالمی سطح پر صرف ایک ٹورنامنٹ چیف آف ائیر اسٹاف کی میزبانی کرکے بیٹھ جاتے ہیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاملات کو دیکھے ، لیکن افسوس وہاں صرف وہ لوگ بیٹھے ہیں ، جو ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔ اس طرح پاکستان اسکواش فیڈریشن آگے نہیں بٹرھ سکتی۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن میں احتساب کا عمل ضروری ہے، صرف کوچز تبدیل کرنے سے معاملات بہتر نہیں ہوسکتے۔ پاکستان میں اسکواش کی ایک تاریخ ہے، ہمارے پاس عظیم کھلاڑیوں سے مشورے لینے کیساتھ عملی طور پر ان کا اسکواش کی بہتری کے لئے آگے آنا بہت ضروری ہے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن میں اس کھیل کو سمجھنے والے اور پاکستان اسکواش کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے والوں کو آگے لانا بہت ضروری ہے۔


