کلیم اللہ بلوچ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے پنجگور میں امن قائم کیا جائے، عوامی حلقے

پنجگور (انتخاب نیوز) پنجگور میں 9جون 2022ء کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کلیم اللہ بلوچ کے رشتہ دار محمد انور بلوچ، معراج ظفر کماش، داد محمد، مولانا نعیم بلوچ، منیر احمد، نثار احمد، مطلب پیر جان، حکیم جان نے اپنے سینکڑوں عزیز و اقارب کی موجودگی میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پنجگور میں امن و امان بحال کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ایک ماہ میں درجنوں لوگوں جاں بحق ہوئے، سیکڑوں موٹر سائیکلیں چوری اور دیگر وارداتیں ہوئیں لیکن تاحال کوئی مجرم گرفتار نہیں ہوا۔ پولیس تھانے کے گیٹ کے چند فاصلے پر ایک نمازی دین دار شخص کو گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کیا گیا لیکن پولیس اپنی قانونی آئینی ابتدائی رپورٹ بھی پیش نہیں کرسکی۔ پولیس و انتظامیہ نے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا۔ چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجگور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کا نوٹس لے کر ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں