اٹلی میں پاکستانی تارکین کو جعلی ورک پرمٹ دلوانے والا گروپ پکڑا گیا

روم (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی میں جعلسازی سے تارکین وطن کو جعلی ورک پرمٹ دلوانے والا گروپ پکڑا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اطالوی فنانس پولیس کی جانب سے پگلیہ ریجن میں کی گئی، پولیس نے کارروائی کے دوران دس افراد کو غیر قانونی امیگریشن اور دھوکہ دہی میں مدد کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر 400 سے زائد تارکین وطن کو ملازمت کے جعلی معاہدے جاری کیے تاکہ وہ قیام کے اجازت نامے حاصل کرسکیں۔حکام کے مطابق اس گروپ نے پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 450 سے زائد افراد کو جعلی دستاویز دیں، تفتیش کاروں کے مطابق جعلی کنٹریکٹ اسکیم سے گروپ نے تقریبا 762,000 یورو کمائے۔تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کو تعمیراتی شعبے میں ملازمتوں کے جعلی معاہدے جاری کیے تھے، جس کے بدلے تارکین وطن سے ایک ہزار سے 6 ہزار یورو وصول کیے جاتے تھے۔حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں گروپ کا سرغنہ 49 سالہ اطالوی اکاؤنٹنٹ ہے جس نے دیگر اطالوی تاجروں کو بھی ساتھ ملا رکھا تھا جبکہ گاہک لاکر دینے والا بھارتی شہری بھی شامل ہے۔ گروپ کے سرغنہ اطالوی اور بھارتی شہری کو جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر کو گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ جعلی ورک پرمٹ حاصل کرنے والے تارکین اور چھ مزید تاجروں سے بھی تحقیقات جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں