انسانی حقوق کے عالمی ماہرین کا سیلاب متاثرین کی امداد میں اضافے کا مطالبہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد میں اضافہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بحالی کی عالمی کوششیں انسانی حقوق کے قوانین اور معیار کے مطابق ہوں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ عالمی یکجہتی کا مطالبہ کرنے والوں کے ساتھ ہیں، عالمی موسمیاتی بحران پاکستان میں اس خوفناک سیلاب اور بدترین انسانی مصائب کا باعث بنا۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام ممالک جنہوں نے عالمی موسمیاتی بحران میں کردار ادا کیا ہے ان کی عالمی ذمہ داری ہے کہ وہ بحالی کے اقدامات میں پاکستان کی مدد کریں۔انہوںنے کہاکہ گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں شدید موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں لیکن بہت سے صنعتی ممالک کے مقابلے میں پاکستان اور اس کے عوام نے گلوبل وارمنگ میں معمولی حصہ ڈالا ہے۔ان ماہرین کا بیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے پاکستان کے لیے عالمی حمایت کے مطالبے اور ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی بحالی میں مدد کے لیے ایک بین الاقوامی فنڈ کے قیام کی اپیل کے تناظر میں سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ امداد کی عالمی کوششیں انسانی حقوق سے مطابقت رکھتی ہوں، انسانی امداد کو ترجیح دی جائے اور سب سے زیادہ متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ غریب اور کمزور لوگ اکثر قدرتی آفات کے دوران سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں واقع عارضی بستیوں میں رہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں