بیلہ، سیلاب متاثرین 5 ماہ بعد بھی حکومتی امداد سے محروم، مشکلات میں اضافہ
بیلہ (انتخاب نیوز) سیلاب متاثرین حکومتی امداد کے منتظر، مون سون بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں سے دوچار متاثرین کی پانچ ماہ گزر جائے کے باوجود تال بحالی نہ ہوسکی، سردیوں میں بے گھر متاثرین دہری مشکلات اور دشواریوں کا شکار ہیں۔ پانچ ماہ قبل آنے والے سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ افراد تاحال حکومتی امداد سے یکسر محروم ہیں، حکومتی سطح پر سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا سروے بھی کیا گیا لیکن ابھی تک متاثرین کی بحالی اور امداد نہیں کی جارہی جو باعث تشویش ہے۔ بیلہ، اوتھل، لاکھڑا اور دیگر علاقوں کے متاثرین جن کے گھر، مویشی، زرعی زمینیں، فصلات اور دیگر املاک سیلاب اور بارشوں کی نذر ہوگئی ہیں۔ متاثرین بے یار و مددگار مصائب اور مشکلات میں مبتلا ہیں۔ متاثرین نے صحافیوں کو بتایا کہ سردیوں میں ہم شدید دشواریوں اور مشکلات سے دوچار ہیں، حکومتی امداد اور بحالی میں تاخیر مزید مشکلات کا سبب بنتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گھر تعمیر کرکے دیے جائیں اور زرعی زمینوں کی تیاری بیجوں اور کھاد کی فراہمی فوری یقینی بنائی جائے تاکہ ہم مشکلات سے نجات پاسکیں۔ سیلاب متاثرین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی سینئر وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔


