ہمیں خود کو جدید مہارتوں اور نئی علمی جہاں بینی سے بہرہ مند کرنا ہوگا، قائمقام گورنر بلوچستان

کوئٹہ(انتخاب نیوز) قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے 19ویں کانووکیشن کے موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی صوبے کی مدر یونیورسٹی ہے اس تاریخی موقع پر مجھے کہنے دیجئے کہ میں آج کے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس کی آنکھوں میں آنے والے کل کے لیڈرز اور دوراندیش مفکرین دیکھ رہا ہوںاس یقین کے ساتھ آپ میں سے ہر ایک پاکستان اور بلوچستان کو ترقی اور روشن بنانے میں بھرپور کردار ادا کریگا۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن اور انکی پوری ٹیم کو کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یونیورسٹی آف بلوچستان کے 19ویں کانووکیشن کے موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انیسویں کانووکیشن میں تقریباً 390 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں جبکہ مختلف شعبوں میں ٹاپ کرنے والوں میں گولڈ میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔ فارغ التحصیل گریجویٹس میں گزشتہ تمام کانووکیشنز کے مقابلے میں فیمیل گریجویٹس کی تعداد سب سے زیادہ تھی، 19ویںکانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز صاحبان، ڈین فیکلٹیز، اساتذہ، فارغ التحصیل پی ایچ ڈی سکالرز، ایم فل ڈگری ہولڈرز، گریجویٹس اور ان کے والدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے 19ویں کانووکیشن کے پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روشن پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے اور رقبہ کے لحاظ سے یہ سب سے بڑا صوبہ ہے ہمارے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ بلوچستان میں آباد مختلف اقوام شاندار روایات کی امین ہیں اور یہاں کے لوگ اخلاق، انسانیت اور بردباری میں بھی بہت آگے ہیں۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بہت اعلیٰ جیو اسٹریٹیجک محل وقوع سے نوازا ہے، بلوچستان کو سینٹرل ایشیا اور مڈل ایسٹ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔ بلوچستان یونیورسٹی کے ابھرتے ہوئے اسکالرز اور ریسرچرز ہی قومی تعمیر سازی میں اہم کردار کریں گے۔ قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ آج کی پل پل بدلتی دنیا سنہرے مواقعوں کی دنیا ہے، ہمارے اردگرد بہت کچھ رونما ہورہا ہے لہٰذا ہمیں جدید ٹیکنالوجیز اور وقت کی بدلتی ہوئی ضرورتوں کے مطابق خود کو جدید مہارت اور نئی علمی جہاں بینی سے بہرہ مند کرنا ہوگا۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباءو طالبات کو مبارکباد دی اور انہیں احساس دلایا کہ مستقبل آپ لوگوں کا ہے۔ آخر میں قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی کو یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے سوینیئر پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں